کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی اپنائیں: نیشنل شپنگ کارپوریشن کے امور سے متعلق اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی بندرگاہوں کی استعداد کار میں اضافے، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی تنظیم نو اور جامع اصلاحات کے ذریعے ملکی سمندری تجارت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو خطے کا ایک اہم تجارتی اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کے لیے بندرگاہوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کی بندرگاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے امور سے متعلق اہم اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملک کی بندرگاہوں کی کارکردگی بہتر بنانے، سمندری تجارت کے فروغ، پی این ایس سی کے اصلاحاتی منصوبے اور بحری بیڑے میں اضافے سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کاروبار بڑھانے اور معاشی ترقی کے لئے ہماری بندرگاہوں کا انتہائی اہم کردار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں ایک اہم تجارتی اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کے لیے بندرگاہوں کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔