پیپلزپارٹی کو پنجاب میں اپنی کھوئی ہوئی سیاسی جگہ دوبارہ حاصل کرنا ہوگی:میڈیا سے گفتگو
فریال تالپور کی گورنرپنجاب کیساتھ داتا دربار، بی بی پاکدامن اور حضرت میاں میر کے مزارات پر حاضری
لاہور(سپیشل رپورٹر ) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے کہا ہے وہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا اگلاوزیراعظم بنتا دیکھ رہی ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فریال تالپور کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں اپنی کھوئی ہوئی سیاسی جگہ دوبارہ حاصل کرنا ہوگی، پنجاب میں آج بھی پارٹی کیلئے سیاسی گنجائش موجود ہے اور عوام پیپلز پارٹی سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں صرف شخصیات اور ہیروز کے سہارے نہیں چل سکتیں بلکہ مضبوط تنظیمی ڈھانچے اور کارکنوں کی محنت پر توجہ دینا ہوگی،دریں اثناء گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما فریال تالپور کے ساتھ داتادربار بی بی پاکدامن اور حضرت میاں میر کے مزارات پر حاضری دی۔فریال تالپور نے داتا ددربار کی چوکھٹ پر بیٹھ کر دعاکی۔فریال تالپور نے بی بی پاکدامن اور میاں میر کے مزارات پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔فریال تالپور نے بی بی پاکدامن کے احاطے سے مزار کیلئے پھولوں کی پتیاں اور اگربتیاں بھی خریدیں۔فریال تالپور نے مزارات پر زائرین میں تبرک بھی تقسیم کیا۔