ڈھاکہ (آئی این پی)بنگلا دیش نے انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل کی جانب سے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو سزائے موت کے حکم کے بعد بھارت سے فوری طور پر حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔بنگلا دیش کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بھارت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شیخ حسینہ اور سابق وزیرِ داخلہ اسد الزمان خان کو ان کے خلاف سنائے گئے فیصلہ کے بعد فوری طور پر حوالے کرے۔بنگلادیشی وزارت خارجہ کے مطابق بھارت دوطرفہ معاہدے کے تحت شیخ حسینہ اور سابق وزیرداخلہ کو حوالے کرنے کا پابند ہے۔بیان میں مزید کہا گیا اگر کوئی اور ملک ان افراد کو، جن پر انسانیت کے خلاف جرائم کا الزام ثابت ہو چکا ہے، پناہ دیتا ہے تو یہ ایک انتہائی غیر دوستانہ اقدام اور انصاف کی توہین ہوگی۔