سڑکوں پر احتیاط، قوانین کی پابندی اور زندگی کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں مریم نواز

 ہر سال ٹریفک حادثات ہزاروں خاندانوں سے ان کے پیارے چھین لیتے ہیں، جو ہر دل کے لئے ناقابلِ برداشت صدمہ ہے
پنجاب میں حادثات روکنے کیلئے سخت جرمانے، فٹنس ٹیسٹ اور جدید نگرانی نافذ ہے:وزیراعلیٰ کا ٹریفک حادثات کے عالمی دن پر پیغام
 لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی یاد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہر سال ٹریفک حادثات ہزاروں خاندانوں سے ان کے پیارے چھین لیتے ہیں، جو ہر دل کے لیے ناقابلِ برداشت صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر احتیاط، قوانین کی پابندی اور ذمہ دارانہ رویہ ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ نے اپیل کی کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون ہرگز استعمال نہ کیا جائے، رفتار کی حد کا خاص خیال رکھا جائے اور پیدل چلنے والوں کو ترجیح دی جائے۔ سڑک پر ہوش اور احتیاط کے ساتھ گاڑی چلانا نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگی بھی محفوظ بناتا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے جامع اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید سخت جرمانے اور پابندیاں نافذ کی گئی ہیں جبکہ حادثات کی روک تھام کے لیے گاڑیوں کی فٹنس کے باقاعدہ ٹیسٹ بھی کرائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اضلاع میں سیف سٹی سسٹم اور جدید ٹریفک نظم و نسق کے اقدامات عوام کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ اگر تمام شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو ٹریفک حادثات میں بڑی حد تک کمی لائی جا سکتی ہے اور پاکستان کے شہری محفوظ رہیں گے۔