لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزلاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ مساجد اور عبادت گاہوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ مشکل حالات میں عوام کا اعتماد ہی اصل طاقت ہوتا ہے۔ عوامی تعاون سے تمام ادارے محفوظ اور مستحکم ماحول فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر اور جامع مسجد سبزہ زار میں کھلی کچہریوں کے دوان شہریوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اہل علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کھلی کچہریوں میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کے مسائل سنے اور اْن سے موجودہ ملکی حالات پر بھی بات کی۔ فیصل کامران نے کہا کہ کھلی کچہریاں عوامی مسائل کے فوری حل کی عملی مثال ہیں۔ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حساس مقامات پر حفاظتی مشقیں جاری ہیں۔ ہر عبادت گاہ، اہم مقام پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔فیصل کامران نے مزید کہا کہ شہری کوئی بھی خبر بغیر تصدیق شئیر ہرگز نہ کریں اورمدد و راہ نمائی کے لیے 15 پر کال کریں۔