مظاہرین نے اراکین اسمبلی کے گھروں پر دھاوا بولا، گاڑیوں کو آگ لگا دی اور املاک کو توڑا پھوڑا
نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی ریاست منی پور میں نسل پرستانہ فسادات سے متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی جبکہ غیرمعینہ مدت کے لیے کرفیو بھی نافذ کر دیا گیا ۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منی پور میں سرکاری گرانٹس اور تعلیم اور نوکریں میں کوٹے کے معاملے پر گذشتہ سال مئی میں نسل پرستانہ فسادات پھوٹ پڑے تھے جس میں کم از کم 250 افراد ہلاک ہوئے اور 60 ہزار کو ریاست سے نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔پولیس اہلکار نے بتایا کہ ریاستی دارالحکومت امفال میں بڑی تعداد میں مظاہرین اکٹھے ہوئے اور اراکین اسمبلی سے ملنے کا مطالبہ کیا، جب ان کے مطالبات کو نظرانداز کیا گیا تو انہوں نے گھروں پر دھاوا بولا، گاڑیوں کو آگ لگا دی اور املاک کو توڑا پھوڑا۔سکیورٹی حکام اور سیاستدانوں کے مطابق ہجوم نے کم از کم نو ارکان اسمبلی کے گھروں کا گھیرائو کیا جبکہ چار گھروں میں توڑ پھوڑ کی۔