لاہور کی فضابدستورمضرصحت ،آلودہ شہروں میں دوسرے نمبرپر، 2پروازیں منسوخ، 35تاخیر کا شکار
لاہور(آئی ا ین پی )صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سموگ اور دھند میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم فضا بدستور مضر صحت ہے ، آلودہ ترین شہروں میں لاہور اتوار کوبھی دنیا بھر کے شہروں میں دوسرے نمبر پر رہا۔لاہور میں ائیر کوالٹی انڈیکس 358 ریکارڈ کیا گیا تھاجو اب کم ہوکر 212 ہوگیا ہے۔ادھر اسلام آباد اور پشاور میں بارش کے بعد سموگ میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے اور محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے ، تاہم ملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس 248 سے کم ہوکر 208 ہوگیا ہے ، فیصل آبادمیں 260 سے 300 اور راولپنڈی 172 ریکارڈ کیا گیا ۔بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث گرین لاک ڈائون کا دائرہ کار بھی وسیع کر دیا گیا، سموگ کے باعث لاہور اور ملتان میں یونی ورسٹیز اور کالجز بند رہیں گے ۔دوسری جانب پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند کردئیے گئے ۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند اور سموگ کی وجہ سے ہر قسم کے ٹریفک کیلیے بند کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ ایم 11 لاہور سیالکوٹ موٹروے، موٹر وے ایم 3 لاہور سے درخانہ اور موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک بند کردی گئی ہے۔ مانگا منڈی اور پتوکی کے ساتھ رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال ، چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ادھردھند اور سموگ کے باعث 2 پروازیں منسوخ اور 35 تاخیر کا شکار ہوگئیں۔فلائٹ شیڈول کے مطابق فیصل آباد سے دبئی کی پرواز ایف زیڈ 392 اور دبئی سے سیالکوٹ کی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے618 منسوخ کر دی گئی جبکہ لاہور سے دبئی کی پرواز پی اے 411 کو اسلام آباد اتار لیا گیا۔فلائٹ شیڈول کے مطابق استنبول سے کراچی کی 2 پروازیں ٹی کے 708 اور 709 میں 4 گھنٹے، ریاض سے لاہور کی پروازیں ایکس وائی 317 اور 318 میں7 گھنٹے، کراچی سے لاہور کی 2 پروازیں 1 سے 3 گھنٹے، کراچی سے لاہور کی 2 پروازیں 2 سے 3 گھنٹے، جدہ، دبئی، ابوظہبی، شارجہ، ریاض، دوحہ، دمام اور ٹورنٹو سے اسلام اباد کی پروازیں بھی تاخیر کا شکا ر ہوگئیں شارجہ دوحہ، ابوظہبی اور دبئی سے سیالکوٹ کی پروازوں میں بھی تاخیر ہوئی، دبئی سے سیالکوٹ کی پرواز ای کے 619 کی آمد میں 12 گھنٹے تاخیر ہوئی۔