پنجاب شدید دھند کی لپیٹ میں، مختلف مقامات سے موٹروے بند

اسلام آباد؍لاہور؍کراچی(آئی این پی ) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقے آئندہ24گھنٹوں کے دوران بھی یخ بستہ ہوائوں اور شدید سردی کی لیپٹ میں رہیں گے، سکردو میں پارہ منفی دس ڈگری تک جانے کا امکان ہے،کراچی میں میں رات گئے کم سے کم درجہ حرارت جناح ٹرمینل پر 9.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرق سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوامیں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے۔چترال،دیر، سوات، کشمیر، گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، پنجاب کے وسطی اور میدانی علاقوں میں صبح دھند چھائی رہے گی۔پنجاب کے مختلف اضلاع شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس سے موٹر وے کو متعدد مقامات سے بند کردیا گیا ہے۔دوسرجانب ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک دھند کی وجہ سے موٹروے کو بند کردیا گیا ۔اس کے علاوہ موٹر وے ایم 3 لاہورسے عبدالحکیم تک، جب کہ موٹر وے ایم 4 عبدالحکیم سے ملتان تک اور ایم 5 شیرشاہ ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کے باعث بند کردی گئی ہے۔ترجمان کا بتانا ہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی دھند کی وجہ سے بند ہے۔ادھر دھند اور موسم کی خرابی کے باعث متعدد ٹرینیں مسلسل گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔ سردی کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹرینوں کا شیڈول شدید متاثرہوگیا۔ کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو گئی۔کراچی سے آنے والی خیبرمیل ایکسپریس 3 گھنٹے 45 منٹ تاخیر کا شکار ہوگئی ۔ گرین لائن ایکسپریس پونے 5 گھنٹے، تیز گام ساڑھے 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ۔علاوہ ازیں علامہ اقبال ایکسپریس پونے 5، کراچی ایکسپریس 12گھنٹے، عوام ایکسپریس سوا گھنٹہ، ملت ایکسپریس 15گھنٹے لیٹ ہوئی ۔کراچی سے آنے والی پاک بزنس ایکسپریس 12گھنٹے 45 منٹ ، کوئٹہ سے آنے والی جعفر ایکسپریس 2 گھنٹے 10منٹ، قراقرم ایکسپریس 4 گھنٹے تاخیر کاشکار ہوگئی ۔