حادثات میں کسی نہ کسی طرح موٹر سائیکل موجود : صوبائی وزیر

ہ سڑک کنارے پارکنگ سے گریز , مناسب ہیڈ لائٹس کا استعمال کریں: خواجہ سلمان رفیق
 لاہور (کرائم رپورٹر) روڈ ٹریفک حادثات کی یاد میں عالمی دن کے موقع پر صوبائی وزیر ایمرجنسی سروسزو صحت خواجہ سلمان رفیق نے روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب تمام شہریوں کو ایمرجنسی ایمبولینس، فائر اینڈ ریسکیو، موٹر بائیک ریسکیو، اور ایئر ایمبولینس سروسز کی فوری فراہمی کے لئے ہر دم کوشاں ہے۔ انہوں نے موٹر سائیکل سواروں پر زور دیا کہ وہ ہیلمٹ سٹریپ کو مناسب طریقے سے باندھیں، رفتار کم رکھیں کیونکہ 83 فیصد روڈ ٹریفک حادثات میں کسی نہ کسی طرح موٹر سائیکل موجود ہوتا ہے۔انہوں نے ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیورز سے اپیل کی کہ وہ سڑک کے کنارے پارکنگ سے گریز کریں اور مناسب ہیڈ لائٹس کا استعمال کریں تاکہ حادثات سے ہونے والی اموات کو روکا جا سکے۔ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے پارلیمانی سیکرٹری ضیاء اللہ شاہ نے ریسکیو 1122 کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ریسکیورز کی انتھک محنت کو سراہا اورکہا کہ وہ متاثرین کو فوری مدد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی پابندی پر زور دیا اور موٹر سائیکل حادثات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے مشورہ دیا کہ موٹر سائیکل کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رکھیں، بائیں لین میں چلائیں، سائیڈ شیشوں کا استعمال کریں اور ہیلمٹ کا سٹریپ محفوظ طریقے سے باندھیں۔اس موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ اکتوبر 2004 سے اب تک 4.2 ملین حادثات میں 4.8 ملین متاثرین کو ریسکیو سروسز فراہم کرنے پر ریسکیورز کی خدمات کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر 69 سیکنڈ میں ایک ٹریفک حادثہ ہوتا ہے، روزانہ اوسطاً 1200 حادثات میں اوسطا11 افراد جاں بحق ہوتے ہیں۔ انہوں نے روڈ سیفٹی کے عالمی اہداف کے نفاذ پر زور دیا تاکہ 2030 تک حادثات اور اموات کو 50 فیصد تک کم کیا جا سکے۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ روزانہ 1200 حادثات میں سے نصف سے زائدشدید زخمی متاثرین کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جو حکومت پر بڑا سماجی و اقتصادی بوجھ ہے۔ انہوں نے ٹریکٹر ٹرالی حادثات کو بڑا چیلنج قرار دیا کیونکہ ان ایکسیڈنٹ میں اموات کی شرح 10 فیصد ہے۔انہوں نے موٹر سائیکل سواروں کو 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے موٹر سائیکل چلانے کا مشورہ دیا اور تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر سڑکوں پر ٹریکٹر ٹرالیوں کی غیر قانونی پارکنگ روکیں، ان پر مناسب لائٹس اورریفلیکٹرکی تنصیب کو یقینی بنائیں اور اوورلوڈڈ ٹرالیوں کے خلاف متعلقہ اداروں کے ذریعے سخت کارروائی کریں۔