جس طرح عدلیہ کو محکوم بنایا گیا اسکے بعد انصاف کی امید نہیں :مہربانو قریشی

ریاست کو فیصلہ کرنا ہوگا پاکستان نے کہاں جانا ہے‘ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میںمیڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(آن لائن)شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی نے کہا ہے کہ جس طرح سے عدلیہ کو محکوم بنایا گیا اسکے بعد انصاف کی امید نہیں رہی‘ریاست کو فیصلہ کرنا ہوگا پاکستان نے کہاں جانا ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میںپیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مہربانوقریشی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی عوام کو پیغام دیا ہے کہ 24 نومبر کی کال اہم ہے۔شاہ صاحب نے کہا ہے آئین کی بالا دستی کیلئے لوگوں کو نکلنا پڑے گا،لوگوں کو جیلوں اور ملٹری جیلوں میں ڈالا گیا ہے، اسیران کو انکے پیاروں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔انہوںنے کہاکہ عوام 24 تاریخ کو اہم کردار ادا کرسکتی ہے،آٹھ فروری کے مینڈیٹ کی بحالی کیلئے لوگوں کو کھڑا ہونا پڑے گا۔اگر ہم نے آواز نہ اٹھائی تو پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی۔