رواداری صرف برداشت کا نام نہیں بلکہ ہماری مشترکہ انسانیت کو تسلیم کرنے کا عمل ہے
اسلام آباد(بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے برداشت کے عالمی دن کے موقع پر مختلف برادریوں کے درمیان باہمی احترام، افہام و تفہیم اور بھائے چارے کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے ایک ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر کے لیے یہ ضروری ہے۔ انہوں نے برداشت کو پرامن بقائے باہمی کی بنیاد اور ایک جامع و ترقی پسند قوم کی تشکیل کے لیے لازمی شرط قرار دیا۔پی پی پی چیئرمین نے مساوات، انصاف اور ہر فرد کے احترام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا، چاہے ان کا مذہب، نسل یا ثقافتی پس منظر کچھ بھی ہو۔ انہوں نے کہا رواداری صرف برداشت کا نام نہیں بلکہ ہماری مشترکہ انسانیت کو تسلیم کرنے اور اس کا جشن منانے کا عمل ہے۔ یہ ان معاشروں کے لیے امید کی کرن ہے جو تعصب، امتیاز اور نفرت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔