کراچی میں بڑی پیش رفت، پاکستان کی بلند ترین عمارت ’برجِ قائد‘ کی تعمیر کا معاہدہ طے

کراچی میں بڑی پیش رفت، پاکستان کی بلند ترین عمارت ’برجِ قائد‘ کی تعمیر کا معاہدہ طے

کراچی میں ایک بڑی ترقیاتی پیش رفت کے تحت پاکستان کی ممکنہ بلند ترین عمارت ’’برجِ قائد‘‘ کی تعمیر کا باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے، جس سے شہر میں جدید ہائی رائز انفرا اسٹرکچر کے نئے دور کے آغاز کی توقع کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ منصوبہ ڈی ایچ اے سٹی کراچی اور اے بی ایس ڈیولپرز کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت شروع کیا جائے گا۔ منصوبے کے مطابق 82 منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی جو تقریباً 941 فٹ بلند ہوگی اور پاکستان کی بلند ترین عمارت ہونے کا اعزاز حاصل کرے گی۔یہ عمارت کراچی میں ڈی ایچ اے سٹی کے اندر 6 ایکڑ اراضی پر تعمیر کی جائے گی۔ منصوبہ جدید طرزِ تعمیر اور عالمی معیار کے ڈیزائن کے مطابق تیار کیا جائے گا، جس میں بین الاقوامی کنسلٹنٹس اور ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔منصوبے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے 941 فٹ بلندی کا این او سی بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد تعمیراتی کام کو باقاعدہ آغاز کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے 6 سال کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ڈویلپرز کے مطابق ’’برجِ قائد‘‘ نہ صرف کراچی کی اسکائی لائن کو تبدیل کرے گا بلکہ شہر میں سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے مواقع بھی بڑھائے گا۔ اس منصوبے کو پاکستان میں جدید ہائی رائز ڈیولپمنٹ کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے بڑے منصوبے شہری ترقی، رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کر سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے مستقل منصوبہ بندی اور عالمی معیار کی تعمیراتی نگرانی بھی ضروری ہوگی۔