لاہور، اسلام آباد(آئی این پی ) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں بالائی پنجاب اور اسلام آبادسمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مطلع جزوی ابراآلود رہنے کے علاوہ تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج سے 11 اپریل کے درمیان لاہور اور پنجاب کے بعض اضلاع میں بادلوں کا سسٹم داخل ہوگا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کم ہوائوں کے بادلوں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہونے سے ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔لاہور اور پنجاب کے بعض اضلاع میں ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں قدر کمی آنے کے امکانات ہیں۔ خیبرپختونخواکے علاقوں چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ،شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی اور کرم میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی ، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔