ریاستی سرپرستی میں بھارتی ادویات سے عالمی بحران کے دعوے

ریاستی سرپرستی میں بھارتی ادویات سے عالمی بحران کے دعوے

برطانوی جریدے فارمیسی کا کاروبار کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت کی بعض دوا ساز کمپنیوں کی تیار کردہ ادویات عالمی سطح پر صحت کے بحران کو بڑھا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف ممالک میں منشیات کے استعمال اور اموات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت سے منسلک اوپیئڈ ادویات اور بعض خطرناک مرکبات افریقی ممالک میں “زومبی ڈرگ” بحران کو بڑھا رہے ہیں، جس سے نوجوانوں اور عام شہریوں کی جسمانی و ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ میں اوپیئڈ ادویات کے استعمال سے تقریباً 10 لاکھ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں، جس کے بعد وہاں سخت ریگولیٹری اقدامات اور پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت سے ہر ماہ بڑی مالیت کی اوپیئڈ اور مصنوعی ادویات بغیر مکمل اجازت کے نائجیریا، سیرا لیون اور گھانا جیسے ممالک کو بھیجی جا رہی ہیں، جس سے ان علاقوں میں منشیات کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے۔افریقی ملک سیرا لیون کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف تین ماہ میں دارالحکومت میں 400 افراد کی اموات ریکارڈ کی گئیں، جس کی ایک بڑی وجہ مبینہ طور پر غیر معیاری یا خطرناک ادویات کو قرار دیا جا رہا ہے۔

اسی طرح بعض ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کچھ بھارتی ساختہ کھانسی کے شربتوں سے ازبکستان، گیمبیا اور دیگر خطوں میں بچوں کی اموات کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، تاہم ان واقعات کی تفصیلات مختلف رپورٹس میں مختلف انداز سے بیان کی گئی ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان ادویات کا غلط استعمال بعض جرائم پیشہ گروہوں اور غیر قانونی نیٹ ورکس کی جانب سے بھی کیا جا رہا ہے، جس سے خطے میں سکیورٹی اور سماجی مسائل مزید پیچیدہ ہو رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق اگرچہ عالمی سطح پر فارماسیوٹیکل انڈسٹری میں بھارت کا بڑا کردار ہے، تاہم غیر معیاری یا غیر قانونی ادویات کی روک تھام کے لیے سخت بین الاقوامی نگرانی اور ریگولیشنز کی ضرورت ہے تاکہ صحت کے عالمی بحران کو روکا جا سکے۔