عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سپلائی سے متعلق خدشات کو قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پر حالیہ حملوں اور ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی خبروں نے عالمی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت میں 1.75 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد یہ 107.26 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح برینٹ کروڈ کی قیمت میں بھی 1.32 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 110.70 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہونے لگا۔ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں توانائی کی عالمی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کا امکان ہے۔