حجرہ شاہ مقیم (آئی این پی )ماڈل ٹاؤن پل کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خالد ٹاؤن میں ایک گھر سے واردات کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی اطلاع پر گشت پر مامور ایس ایچ او سٹی عاطف نواز اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔پولیس کے مطابق ماڈل ٹاؤن پل کے قریب ڈاکوؤں اور پولیس پارٹی کا آمنا سامنا ہوگیا، اس دوران ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس پارٹی نے حفاظتی خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہے۔واقعے کے بعد تھانہ سٹی رینالہ پولیس سمیت سرکل پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فرار ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔