جھنگ میں سیف سٹی کی ٹیم نے ایک خاتون کی جان بچا لی جو خودکشی کی کوشش کر رہی تھی۔
واقعہ مصروف شاہراہ پر پیش آیا، جہاں خاتون اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑی۔سیف سٹی ورچوئل پیٹرولنگ آفیسر نے لائیو مانیٹرنگ کے دوران خاتون کو گرتے ہوئے دیکھا اور فوری الرٹ جاری کیا۔ اسمارٹ سیف سٹی جھنگ کنٹرول روم نے پولیس اور ریسکیو ٹیم کو موقع پر روانہ کیا۔ چند لمحوں میں ریسکیو اور لیڈی پولیس ٹیم پہنچ گئی اور خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق خاتون نے خودکشی کی نیت سے زہریلی گولیاں کھائی تھیں، تاہم سیف سٹی کی بروقت کارروائی اور ڈاکٹروں کی فوری طبی امداد کی بدولت خاتون کی جان بچ گئی۔سیف سٹی کے ترجمان نے بتایا کہ جدید نگرانی نظام کے ذریعے ہر مشکوک سرگرمی پر نظر رکھی جاتی ہے اور شہری ہنگامی مدد کے لیے 15 پر کال کر سکتے ہیں۔ اس واقعے سے سیف سٹی کے مؤثر کردار اور شہریوں کی حفاظت میں اس کے اہم اقدامات ثابت ہوئے ہیں۔