قوم کے غیر متزلزل عزم اورکفایت شعاری کو برقرار رکھا جائے:حکومت
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)جاری خلیجی تیل بحران اور حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 23 مارچ 2026 کو یومِ پاکستان کی پریڈ اور اس سے منسلک تمام تقریبات منعقد نہیں کی جائیں گی۔تاہم اس دن کو وقار اور احترام کے ساتھ سادہ پرچم کشائی کی تقریبات کے ذریعے منایا جائے گا۔منگل کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے کہ قوم کی یومِ پاکستان کے نظریات سے وابستگی،استقامت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ساتھ وسیع تر کفایت شعاری پالیسی کو بھی برقرار رکھا جائے۔تمام وزارتوں، ڈویڑنز اور محکموں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس موقع کو سادگی اور پر وقار طریقے سے منائیں تاکہ محدود تقریبات کے باوجود اس دن کی اہمیت اور اس کا حقیقی پیغام برقرار رکھا جا سکے۔