پی ٹی آئی کا 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کافیصلہ

 خیبر پختونخوا‘  شمالی پنجاب کے  پی پی ٹی آئی  کارکن صوابی میں جمع ہوں گے:بیرسٹرگوہر
اسلام آباد (آئی  این پی )پی ٹی آئی  8 فروری سے اسیران کی رہائی کے لیے تحریک فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مزید گرفتاریوں سے بچنے کے لیے پہلے قانونی تحفظ سے متعلق منصوبہ تشکیل دیا جا رہا ہے جبکہ  8 فروری کو یو م سیاہ منانے اور صوابی میں بڑے احتجاج کا اعلان  بھی  کیا گیا ہے ۔ پی ٹی آئی  ذرائع کے مطابق پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کی رہائی کے لیے 8 فروری سے دوبارہ تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا  گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں مختلف شہروں میں جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے مقامی قیادت کو اہم ٹاسک سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تحریک کے تحت نہ صرف جلسے منعقد کیے جائیں گے بلکہ اسمبلیوں کی سطح پر احتجاج کے لیے بھی پلان ترتیب دیا جائے گا‘دریں اثناء   چیئرمین  پی  ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی  نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی طرف سے 8 فروری کو یومِ سیاہ منایا جائے گا، اور خیبر پختونخواہ و شمالی پنجاب کے  پی پی ٹی آئی کے کارکنان صوابی میں جمع ہوں گے۔ بیرسٹرگوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان صوابی میں ایک بڑا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے تاکہ پارٹی کے موقف کو کو اجاگر کیا جا سکے۔