آج پشاور کا دورہ کریں گے اس کے بعد ملک کے دوسرے شہروں میں جائینگے:علامہ طاہر اشرفی
پشاور(آئی این پی)قومی پیغام امن کمیٹی نے جمعہ کو ملک بھر میں پیغام امن کے نام سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نماز جمعہ کے خطبے میں بھی اس حوالے سے بیانات جاری کیے جائیں گے۔اس حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور قومی پیغام امن کمیٹی کے علما کرام نے گورنر ہاس پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔گورنر خیبرپختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کمیٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ قومی پیغام امن کمیٹی کو پشاور آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں نے بہت قربانیاں دی ہیں عوام بھی دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں ہم اس جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔پیغام امن کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی ملک بھر میں جائے گی اور اس کا اغاز ہم نے پشاور سے کیا ہے کیونکہ یہ صوبہ دہشت گردی سے بہت متاثر ہوا ہے، آج پہلا دورہ پشاور کا ہے، اس کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی جائیں گے۔