خطے میں کشیدگی میںکمی، سکیورٹی کو مضبوط بنانے کیلئے باہمی تعاون بڑھانے ،، رابطوں کو جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق
دوحہ(آئی این پی )قطر کے وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔قطری حکام کے مطابق اس گفتگو میں خاص طور پر ان سفارتی کوششوں پر بات کی گئی جن کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے جانے کے بعد خطے میں نئی سفارتی سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ اس موقع پر قطری وزیرِ اعظم نے کشیدگی کم کرنے، آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ آمد و رفت یقینی بنانے اور مذاکرات و سفارت کاری کے عمل کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لئے باہمی تعاون کو مزید بڑھایا جائے۔ انھوں نے حالیہ پیش رفت کے تناظر میں مشترکہ اقدامات اور رابطوں کو جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔