بھارتی ریاست کیرالا کے وزیرِ کھیل وی عبدالرحمٰن نے ارجنٹینا کی قومی فٹبال ٹیم اور اسٹار کھلاڑی لیونل میسی پر سخت تنقید کی ہے کہ انہوں نے وعدے کے باوجود کیرالہ کا دورہ نہیں کیا اور میچ نہ کھیل کر ریاست اور شائقین کو دھوکا دیا۔
وزیرِ کھیل کے مطابق ارجنٹینا ٹیم کو کیرالہ لانے کے لیے طویل مذاکرات کیے گئے اور اسپانسرز سے تقریباً 250 کروڑ روپے کا انتظام بھی کیا گیا، تاہم رقم وصول کرنے کے باوجود ٹیم نے طے شدہ دورے پر آمد نہیں کی۔ وی عبدالرحمٰن نے کہا کہ یہ ایک انتہائی مایوس کن عمل ہے اور شائقین بھی شدید دل شکستہ ہوئے ہیں۔وزیر نے مزید بتایا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ارجنٹینا ٹیم نے اسی طرح پانچ دیگر ممالک کے ساتھ بھی معاہدے کیے مگر وہاں بھی میچ کھیلنے نہیں گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں قانونی کارروائی اور معاوضے کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے۔
یہ معاملہ نومبر میں سامنے آیا تھا جب اعلان کیا گیا تھا کہ ارجنٹینا ٹیم اور میسی مارچ میں کیرالہ کا دورہ کریں گے، جس کے شائقین بڑی بے صبری سے منتظر تھے۔اس واقعے کے بعد کیرالہ کے فٹبال شائقین میں غصہ اور مایوسی پھیل گئی ہے، جبکہ وزیرِ کھیل نے بھی عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے ٹیم اور کھلاڑیوں کی ناکامی پر برہمی ظاہر کی ہے۔