چیف جسٹس یحیی آفریدی نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا مشترکہ اجلاس 19 جون کو طلب کر لیا ہے، جس کی صدارت بھی وہ خود کریں گے۔
اجلاس میں مجموعی طور پر چار اہم ایجنڈا آئٹمز زیر غور آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ججز کی تقرری کے لیے انٹرویو رولز کی منظوری، ہائیکورٹس ججز کی کارکردگی کے جائزے کے لیے قواعد کی منظوری، اور جوڈیشل کمیشن رولز 2024 میں مجوزہ ترامیم پر غور کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ہائیکورٹس کے آئینی بینچز میں ججز کی نامزدگی کے طریقہ کار کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔
یاد رہے کہ 11 جون کے جوڈیشل کمیشن اجلاس میں مختلف تجاویز پیش کی گئی تھیں، جن کی حتمی منظوری کے لیے اب یہ مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔اجلاس میں ہائیکورٹس اور شریعت کورٹ کے اراکین بھی شریک ہوں گے، جبکہ عدالتی نظام میں اصلاحات اور شفافیت کے حوالے سے اہم فیصلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔