علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے عوام کو جلد اچھی خبر ملنے کی امید ہے، کیونکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر کے صارفین پر پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوامی بجٹ متاثر ہوا اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ جہاں تک ممکن ہو، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے اس کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں آنے والی ہر ممکن کمی کو عوامی ریلیف میں تبدیل کیا جائے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عالمی منڈیوں میں ایران کے خام تیل کی دوبارہ دستیابی کی توقع کے باعث تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے۔
اسی امید پر بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کے نرخ نیچے جا رہے ہیں، جس کے مثبت اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی یہ وعدہ کر چکے ہیں کہ جیسے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوں گی، اس کا براہ راست فائدہ پاکستانی عوام کو منتقل کیا جائے گا۔ حکومت اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔علی پرویز ملک نے ملکی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا وزیراعظم شہباز شریف، عاصم منیر اور اسحاق ڈار
کی کاوشوں کو سراہ رہی ہے، جنہوں نے مختلف عالمی معاملات میں پاکستان کا مؤثر مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔