ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایران اسرائیل ممکنہ جنگ، آئندہ مالی سال کا بجٹ، اور ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت داخلی و خارجی سیکیورٹی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابینہ ارکان کو تازہ علاقائی سیکیورٹی صورتِ حال پر بریفنگ دی، خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں پاکستان پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران اتحادی جماعتوں سے جاری مشاورت اور ان کی بجٹ منظوری میں حمایت کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بجٹ سے متعلق اعتماد سازی کے اقدامات پر زور دیا تاکہ پارلیمانی حمایت یقینی بنائی جا سکے۔وفاقی کابینہ کو ایک اعلیٰ سطحی سفارتی وفد کے حالیہ غیر ملکی دوروں پر بھی بریفنگ دی گئی، جن کے دوران اہم بین الاقوامی ملاقاتیں اور معاہدے طے پائے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ان دوروں کے نتیجے میں پاکستان کو سفارتی، معاشی اور تکنیکی تعاون کے کئی نئے مواقع حاصل ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کو محتاط، فعال اور متوازن سفارت کاری کے ذریعے قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔وفاقی کابینہ کے اس اہم اجلاس کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، اقتصادی دباؤ اور بجٹ سازی کے حساس مرحلے کے پیش نظر نہایت اہمیت دی جا رہی ہے۔