خدمت کے جذبے سے آئے ہیں، ترقی اب امیر اور غریب کا فرق نہیں دیکھے گی مریم نواز

لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کیساتھ پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ بھی لارہے ہیں، 1800دیہات کو ماڈل ویلج بنائیں گے
حکومت پنجاب ماحول سے متعلق ہر چیلنج کا بھرپورادارک رکھتی ہے‘ ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کی بہتر مینجمنٹ کیلئے کام کررہے ہیں

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کا بجٹ2025-26 میں ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر اظہار تشکر کیا ہے۔ وزیراعلیٰ  نے کہا ہے  پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ پروگرام پیش کرنے پراللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ہمارا عزم ہے کہ شہر اور دیہات میں ترقی اور سہولیات کا فرق ختم کریں گے۔ترقی کے ثمرات اب گاؤں گاؤں پہنچیں گے۔ 1800دیہات کو ماڈل ویلج بنائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے ساتھ پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ بھی لارہے ہیں ۔ ترقی اب امیر اور غریب کا فرق نہیں دیکھے گی، سب کیلئے ترقی برابر ہوگی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عام آدمی کی خدمت کے جذبے سے آئے ہیں، اللہ تعالیٰ ہمیں کامیاب کرے۔صدق دل سے پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے مشن پورا کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کاشتکاروں بھائیوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے129 ارب سے زائد فنڈز دے رہے ہیں۔گرین ٹریکٹر سکیم سے ہزاروں نہیں لاکھوں کاشتکاروں مستفید ہوں۔بجٹ2025-26 میں مزید گرین ٹریکٹر ز کے لئے ساڑھے 15 ارب روپے رکھے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ طلبہ کو ہونہار سکالر شپ دیں گے اور لیپ ٹاپ بھی ملیں گے۔پنجاب کے کسی سکول میں بچے زمین نہیں بیٹھیں گے جس کے لئے40 ارب دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ لیہ اور بھکر جیسے دور دراز اضلاع کو موٹروے تک رسائی دیں گے۔ مظفرگڑھ اور میانوالی کو بھی بہتر ین مواصلاتی لنک دیں گے۔مزدور کے بچوں کو بھوکا نہیں سونے دینگے راشن کارڈ کے لئے 40 ارب دیں گے۔دریں اثناء صحرائی اور خشک سالی سے نمٹنے کے عالمی دن پراپنے پیغام میں انہوں نے کہاموسمیاتی تبدیلی، درختوں کی بے ہنگم کٹائی اور آبی قلت زرعی وسائل کی زرخیزی تیزی سے متاثر کررہی ہے۔ حکومت پنجاب ماحول سے متعلق ہر چیلنج کا بھرپور ادارک رکھتی ہے ‘ زمین وراثت نہیں بلکہ آئندہ نسلوں کی امانت اسکی حفاظت فرض اولین ہے۔ خشک سالی صرف ریت کی بڑھتی ہوئی تہوں کا نام نہیں بلکہ بحران کی پیشگی علامت ہے۔ پنجاب بھر میں آبی قلت کے شکار علاقوں کی جیوٹیگنگ کے لئے بجٹ 2025-26 میں خصوصی فنڈز مختص کیے ہیں۔ پنجاب بھر نئے فلٹریشن پلانٹ لگانے اور موجودہ پلانٹس کی مرمت کا ٹاسک مکمل کیا جائے گا۔  ہر درخت قحط ذدہ صحرا  کے لئے زندگی کی علامت ہے۔ زمین کی سانسیں بند نہیں ہونے دیں گے،ماحول تب بدلے گا اگر ہم خود بدلیں گے۔