نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے 47 سائنسدانوں اور انجینئرز کو سول ایوارڈز سے نواز دیا گیا

چکلالہ گیریژن راولپنڈی میںچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے افسروں میں اعزازات تقسیم کئے
    راولپنڈی(یواین پی)پاک فوج کے زیراہتمام چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں سول ایوارڈز کی پروقار تقریب، نیشنل کمانڈ اتھارٹی سے وابستہ 47 سائنسدانوں اور انجینئرز کو اعزازات سے نوازا گیاپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر کی جانب سے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے تحت کام کرنے والے ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز کو ان کی نمایاں خدمات پر سول اعزازات سے نوازا گیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ یہ اعزازات چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی / ڈپٹی چیئرمین ڈیولپمنٹ کنٹرول کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا (نشانِ امتیاز ملٹری) نے ایک باوقار تقریب کے دوران چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں تقسیم کیے۔بیان کے مطابق تقریب کے دوران مجموعی طور پر 47 افسران کو اعزازات دیے گئے، 10 افسران کو ستارہ امتیاز21 افسران کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا گیا، 16 افسران کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ اعزازات نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے سائنسدانوں اور انجینئرز کی ان خدمات کا اعتراف ہیں جو انہوں نے قومی دفاع، ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک صلاحیتوں کے فروغ کے لیے انجام دیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے خطاب میں ایوارڈ یافتگان کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو پاکستان کے اسٹریٹجک پروگرام اور قومی سلامتی کے لیے ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔