ملک و قوم کی حفاظت کیلئے جان نچھاور اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے
بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر ملک کی بے مثال خدمت کی ہے ‘ قوم ان کی ہمیشہ مشکور رہے گی:محسن نقوی
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی حکومت نے بہادری کا مظاہرہ کرنے والے 71 افراد کو سول ایوارڈز دینے کا فیصلہ کر لیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ ڈویژن میں اہم اجلاس ہوا جس میں ملک و قوم کی حفاظت کے لیے بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والوں کے لیے سول ایوارڈز کی نامزدگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مجموعی طور پر 71 افراد کے لیے مختلف سول اعزازات کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی حفاظت کے لیے جان نچھاور کرنے والوں اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ان بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک کی بے مثل خدمت کی ہے اور قوم ان کی ہمیشہ مشکور رہے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ شہدائے وطن ہمارے سر کا تاج ہیں، ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جبکہ غازی قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی جرات پر سب کو ناز ہے، شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔