رات گئے موبائل پر قسمت جاگ اٹھی، امریکی خاتون نے 4 کروڑ روپے جیت لیے

رات گئے موبائل پر قسمت جاگ اٹھی، امریکی خاتون نے 4 کروڑ روپے جیت لیے

امریکا کی ریاست نارتھ کیرولائنا میں ایک خاتون کی معمولی سی تفریح خوش قسمتی میں بدل گئی، جب انہوں نے رات گئے موبائل فون پر آن لائن لاٹری کھیلتے ہوئے 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا جیک پاٹ جیت لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نارتھ کیرولائنا کی رہائشی سو راؤلی نے لاٹری حکام کو بتایا کہ 8 جولائی کی رات انہیں نیند نہیں آ رہی تھی، اس لیے وقت گزارنے کے لیے انہوں نے اپنے اسمارٹ فون پر آن لائن انسٹنٹ لاٹری گیم کھیلنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے صرف 30 ڈالر کی ایک انٹری خریدی، جس پر انہیں ایک لاکھ 50 ہزار ڈالر (تقریباً 4 کروڑ 16 لاکھ پاکستانی روپے) کا جیک پاٹ مل گیا۔لاٹری حکام کے مطابق "ٹمبلنگ ٹریژرز" نامی اس گیم میں اتنی بڑی رقم جیتنے کے امکانات تقریباً 20 لاکھ میں سے ایک تھے، جس سے اس کامیابی کی غیرمعمولی نوعیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔سو راؤلی کا کہنا تھا کہ جب اسکرین پر جیتنے کا پیغام سامنے آیا تو ابتدا میں انہیں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا۔ ان کے بقول انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ وہ اتنی بڑی رقم جیت سکیں گی۔انہوں نے بتایا کہ رات کافی گزر چکی تھی اور وہ صرف وقت گزارنے کے لیے گیم کھیل رہی تھیں، لیکن چند لمحوں میں ان کی قسمت بدل گئی۔خاتون نے 13 جولائی کو ریاستی دارالحکومت ریلی میں قائم لاٹری ہیڈکوارٹر جا کر اپنی انعامی رقم وصول کی، جہاں انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا یادگار ترین لمحہ تھا۔