ویب ڈیسک: معروف امریکی مؤرخ اور امریکن یونیورسٹی کے پروفیسر ایلن لچ مین، جنہوں نے گزشتہ 10 میں سے 9 صدارتی انتخابات کی درست پیش گوئیاں کی ہیں، نے کہا ہے
کہ 2024 کے انتخابات میں نائب صدر کمیلا ہیرس ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دیں گی۔ لچ مین کا پیش گوئی ماڈل 13 عوامل پر مبنی ہے جو انتخابات میں موجودہ پارٹی کے جیتنے یا ہارنے کا امکان ظاہر کرتا ہے۔ ان کی واحد غلط پیش گوئی 2000 میں ہوئی تھی جب انہوں نے کہا تھا کہ الگور کامیاب ہوں گے، مگر نتیجہ برعکس رہا۔
اسی طرح نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ڈیٹا سائنسدان تھامس ملر، جنہوں نے 2016 میں ٹرمپ کی جیت کی پیش گوئی کی تھی، اس بار کہہ رہے ہیں کہ کمیلا ہیرس ٹرمپ کو شکست دے کر کامیاب ہو جائیں گی۔ امریکی جریدے نیوز ویک اور فارچون کے مطابق حالیہ سرویز میں بھی ہیرس کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے اور انہیں کئی پیش گوئیوں میں برتری حاصل ہے۔