بلھے شاہ ایکسپریس کا افتتاح، واہگہ شٹل ٹرین بھی جلد شروع:عباسی

نئی کوچز اور لوکوموٹیوز کی شمولیت سے ریلوے کی استعداد میں اضافہ ہوگا
اگست تک مزید کوچز آپریشنل کر دی جائیں گی:وفاقی وزیر ریلوے، خطاب
لاہور (خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ15 سال بعد بلھے شاہ ایکسپریس کا لاہور سے دوبارہ آغاز کیا جا رہا ،لاہور سے واہگہ شٹل ٹرین اور راوی ایکسپریس بھی جلد شروع کرینگے، راوی ایکسپریس رواں ماہ 25 یا30 تاریخ تک چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ،نئی کوچز اور لوکوموٹیوز کی شمولیت سے ریلوے کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا،32 کے بجائے64 نئی کوچز شامل کی جا رہیں ، دو،دو لوکوموٹیوز کی اوورہالنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نیگزشتہ روز بلھے شاہ ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے نیمزید کہا کہ43 جی ای یو لوکوموٹیوز کو فریٹ آپریشن کیلئے وقف کیا جائے گا جس سے آمدن میں 32 فیصد اضافہ متوقع ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ اگرچہ کوچز اور پاور پلانٹس کی کمی کا سامنا ہے تاہم اگست تک مزید کوچز آپریشنل کر دی جائیں گی،وزیر اعلی مریم نواز نے لاہور ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کیلئے 2 ارب روپے فراہم کئے ہیں ، شاہدرہ سے رائیونڈ تک منصوبے کیلئے بھی پنجاب حکومت مالی معاونت کرے گی۔ حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر 184 کیمرے نصب کیے جا چکے ، دوسرے مرحلے میں لاہور، ملتان، خانیوال اور کراچی ریلوے اسٹیشنز پر بھی تنصیب کرینگے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے ملک رشید احمد نے کہا کہ خوشی ہے کہ 15 سال سے بند بلھے شاہ ایکسپریس دوبارہ چلائی جا رہی ہے جس سے علاقے کے عوام کو سفری مشکلات سے نجات ملے گی،ادارے کی آمدن115 ارب روپے سے تجاوز کر چکی۔