تعلیمی اداروں میں جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ آگاہی مہم کافیصلہ

اگست سے سکولوں، کالجوں میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین بارے سیشنز ہونگے 
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ سے متعلق خصوصی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹریفک سید ندیم عباس نے تمام چیف ٹریفک افسران (سی ٹی اوز) اور ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز) کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔مراسلے کے مطابق اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ، اس کے حصول کے طریقہ کار، قانونی تقاضوں اور محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ اگست میں تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد باقاعدہ روڈ سیفٹی آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔مہم کے دوران طلبہ کے لیے خصوصی آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جن میں ٹریفک قوانین، ذمہ دارانہ طرزِ ڈرائیونگ، حادثات سے بچا ئو اور سڑکوں پر محفوظ رویوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں گی۔ایس ایس پی ٹریفک نے ہدایت کی ہے کہ اہل طلبہ کو مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے کی ترغیب دی جائے، جبکہ تمام اضلاع میں اس مہم کو م ئوثر انداز میں چلانے اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران ضروری اقدامات کریں۔