نوجوانوں اور والدین کو قانونی ڈرائیونگ کے فوائد سے آگاہی دی جائے گی
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب ٹریفک پولیس نے نوجوانوں میں قانونی ڈرائیونگ کے فروغ کیلئے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا اور اس سے متعلق آگاہی مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر ایس ایس پی سید ندیم عباس نے تمام چیف ٹریفک آفیسرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے حصول کے طریقہ کار، اہلیت اور فوائد سے متعلق بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق بینرز، فلیکسز، اسٹریمرز اور دیگر تشہیری مواد نمایاں عوامی مقامات، تعلیمی اداروں اور ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز میں آویزاں کیا جائے گا جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی نوجوانوں اور والدین کو آگاہ کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کی ایجوکیشن ٹیمیں مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کرکے طلبہ کو قانونی ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی پابندی سے متعلق معلومات فراہم کریں گی۔ ڈی آئی جی محمد وقاص نذیر نے کہا کہ مہم کا مقصد نوجوانوں کو قانونی طریقے سے ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے کی ترغیب دینا اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔