مریم نواز بھی شریک ہونگی ، عوامی رابطہ مہم تیز ، کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت
مظفر آباد میں مرکزی قیادت کا اجلاس ، جلسوں کے انتظامات آئندہ حکمت عملی پر غور
مظفرآباد (خصوصی رپورٹ )پاکستان مسلم لیگ (ن)کی مرکزی قیادت نے آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے حوالے سے مظفرآباد میں پارٹی رہنمائوں کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا، جس میں انتخابی حکمت عملی، قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے دورہ آزاد کشمیر اور انتخابی جلسوں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں رانا ثناء اللہ ،انجینئر امیر مقام، شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر ،کیپٹن (ر) محمد صفدر، مرتضیٰ جاوید عباسی، انتخابی حلقوں کے امیدواروں، بلدیاتی نمائندوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف آزاد کشمیر کے دورے کے دوران مظفرآباد اور میرپور میں دو بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی دونوں جلسوں میں ان کے ہمراہ ہوں گی۔ اجلاس میں انتخابی مہم، تنظیمی رابطوں، جلسوں کے انتظامات اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پارٹی قیادت نے انتخابی مہم ، گھر گھر رابطہ مہم تیز اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت جاری کی ،اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں بھرپور انتخابی مہم چلائے گی اور عوامی مسائل کا حل خطے کی ترقی اور خوشحالی پارٹی کی اولین ترجیح ہے ،مسلم لیگ (ن)نے آزاد کشمیر میں نمایاں ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ، وزیراعظم پاکستان نے بغیر کسی مطالبے کے آزاد کشمیر کے لیے دانش سکولز کے قیام کا اعلان کیا ، مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 27 جولائی 2026 کے عام انتخابات میں بھرپور کامیابی سمیٹے گی