رشتہ نہ ہونے پر لڑکی پر تیزاب پھینکنے والا ملزم گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں رشتہ نہ ہونے کی رنجش پر ایک لڑکی پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ لڑکی کی والدہ نے انصاف کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری میں درخواست دی، جس پر انہوں نے ایس ایچ او فیکٹری ایریا کو فوری مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔ پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تیزاب پھینکنے کے الزام میں ملزم فہد کو گرفتار کر لیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم ناقابل برداشت ہیں اور ان کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس ہر متاثرہ خاتون کے ساتھ کھڑی ہے اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ہر ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔