بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم، چند مقامات پر بارش کا امکان

 لاہور میں بادل برسنے کے امکانات نہیں ، درجہ حرارت 37 ڈگری تک متوقع
لاہور ،پشاور(خصوصی رپورٹ)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج گرمی اور چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہوا ئوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ،لاہور کا موسم گرم اور خشک رہے گا،بادل برسنے کے کوئی امکانات نہیں ، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27، زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ روز درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم کوہاٹ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور کرم کے چند مقامات پر تیزہوا ئوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ سندھ ، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔