امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا میں لگنے والی جنگلاتی آگ کے باعث امریکا میں پھیلنے والی فضائی آلودگی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کینیڈا پر مزید ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جنگلاتی آگ سے اٹھنے والے دھوئیں نے امریکا کے وسیع علاقوں کو متاثر کیا ہے، جس سے صحتِ عامہ اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ اس آلودگی سے ہونے والے نقصانات کی قیمت کینیڈا کو اضافی محصولات کی صورت میں ادا کرنا ہوگی۔کینیڈا اور شمالی مینیسوٹا سے اٹھنے والے دھوئیں کے گھنے بادلوں کے باعث امریکا کے مختلف حصوں میں ہوا کے غیر صحت بخش معیار کے حوالے سے انتباہات جاری کیے گئے ہیں۔کینیڈا کے وائلڈ لینڈ فائر انفارمیشن سسٹم کے مطابق ہفتے کے روز ملک بھر میں 937 فعال جنگلاتی آگ ریکارڈ کی گئی، جن میں سے بڑی تعداد تاحال قابو سے باہر ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ یہ محض اتفاق نہیں بلکہ غفلت ہے، اور یہ صورتحال ہر سال جنم لے رہی ہے جس کے باعث امریکا کو اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ کینیڈا اپنی جنگلاتی پالیسی اور جنگلات کی مناسب دیکھ بھال میں ناکام رہا ہے، اسی لیے امریکا فضائی آلودگی سے ہونے والے نقصان کے ازالے کے لیے کینیڈا پر ٹیرف میں اضافے پر غور کر رہا ہے۔