کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں خواتین کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک مشتبہ شخص کی حرکات سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گئی ہیں۔
منظرِ عام پر آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں سفید رنگ کی ایک کار کو ایک گھر کے باہر رکتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق کار سوار شخص گاڑی سے اتر کر گھر کی کھلی کھڑکی کے قریب پہنچا اور اندر جھانکنے کی کوشش کی۔ویڈیو میں پینٹ شرٹ پہنے شخص کچھ دیر تک کھڑکی کے قریب موجود رہتا ہے، تاہم مبینہ طور پر گھر کی بالائی منزل پر کسی مکین کی موجودگی کا احساس ہونے پر وہ فوری طور پر واپس اپنی گاڑی میں بیٹھ کر موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں گاڑی کا نمبر بھی واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ متاثرہ شہری دانش نے واقعے کے حوالے سے متعلقہ تھانے میں شکایت جمع کرا دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مشتبہ شخص کی شناخت اور گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے سے متعلق مزید معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں تاکہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔