لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں تیز رفتار کوسٹر موٹرسائیکل کو بچانے کی کوشش کے دوران بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جنرل اسپتال منتقل کر دیا، جہاں انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 35 سالہ نصیب علی، 25 سالہ ساجد، 26 سالہ سجاد علی، 40 سالہ عبدالستار، اویس علی، زوہیب، شبیر، سلیم، منصور، انیس اور شاہد شامل ہیں، جبکہ ایک زخمی کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کوسٹر ڈرائیور نے اچانک سامنے آنے والی موٹرسائیکل کو بچانے کی کوشش کی، جس کے باعث گاڑی کا توازن بگڑ گیا اور وہ سڑک کنارے موجود درخت سے جا ٹکرائی۔واقعے کے بعد پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی اصل وجہ اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔