باغوں کے شہر لاہور میں شدید دھوپ اور حبس کے باعث گرمی کی شدت برقرار ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے آج شہر کے مختلف علاقوں میں جزوی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جس سے موسم میں کچھ بہتری آنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج کم سے کم درجہ حرارت 32 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج 5 سے 30 فیصد تک بارش کے امکانات موجود ہیں۔ اس وقت 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے گرمی کے ساتھ حبس بھی شہریوں کو شدید متاثر کر رہا ہے۔دوسری جانب فضائی آلودگی بھی لاہور کے شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ عالمی فضائی معیار کے مطابق لاہور بدستور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے اور اس وقت آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 155 ریکارڈ کیا گیا، جو فضا کو غیر صحت بخش قرار دیتا ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کے لیے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 19 جولائی سے بارشوں کا نیا سلسلہ ملک کے مختلف علاقوں سمیت لاہور میں بھی داخل ہونے کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت اور حبس میں کمی آنے کی توقع ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور آلودہ فضا میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔