’’ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘‘ بلاسود قرض جلد واپس کرنے پر رعایت دینے کی سفارش

 دورانِ قرض مدت وفات کی صورت میں قرض معاف، معذور ہونے کی صورت میں بھی رعایت دینے کی تجویز شامل ہے
 اس  رعایت کا اطلاق 10 سالہ قرض کو 3 سے 6 سال میں واپس کرنے کی صورت میں ہوگا،ڈی جی  سکندر ذیشان 
لاہو(آئی این پی )پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرض سے مستفید ہونے والے افراد کے لیے سہولیات میں مزید اضافہ کر دیا۔سیکرٹری ہائو سنگ کی ہدایت پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان کی سربراہی میں ایک اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں پروگرام ڈائریکٹر مرزا ولید بیگ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔دوران اجلاس اخوت، این ایس آر پی اور دیگر مائیکروفنانس اداروں کی جانب سے عملی تجاویز پیش کی گئیں جبکہ ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے رعایت کے اطلاق کے لیے ایس او پیز جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔اجلاس میں سفارش کی گئی کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت فراہم کیے گئے بلاسود قرض کی جلد واپسی پر مستفید افراد کو 20 فیصد تک رعایت دی جائے، دورانِ قرض مدت وفات کی صورت میں قرض معاف کرنے اور معذور ہونے کی صورت میں بھی رعایت دینے کی تجویز شامل ہے۔ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر قرض کی واپسی میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جبکہ رعایت کا اطلاق 10 سالہ قرض کو 3 سے 6 سال میں واپس کرنے کی صورت میں ہوگا۔