فوڈپوائنٹس پرچھاپے،4بند

 دلیہ، کولڈ ڈرنکس، چاکلیٹس سمیت کئی من ناقص اشیاتلف کردی گئیں، 12لاکھ کے جرمانے 
لاہور (کرائم رپورٹر)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ جعلساز مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں 4معروف فوڈ پروڈکشن یونٹس پر چھاپے مارے اور قوانین کی خلاف ورزی پر تمام یونٹس بند کر کے مقدمات درج کرادیئے گئے، علاوہ ازیں فوڈپوائنٹس کو 12لاکھ کے جرمانے بھی عائد کیے گئے، مزید بر آں چیکنگ کے دوران 10ہزار کلو دلیہ، 3200 پیٹ کولڈ ڈرنکس، 3ہزار کلو چاکلیٹ، 144کلو کیک جل اور 132 کلو بیکنگ پا ئوڈر تلف کیا گیا، ایکسپائر چاکلیٹ،بیکنگ پاوڈر دوبارہ پیک کر کے لاہور کی معروف بیکریوں کو سپلائی کیا جانا تھا۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ نے کہا کیکس میں استعمال ہونے والا تیار کیک جل بغیر ڈھانپے کھلا زمین پر رکھا پایا گیا۔ معروف برانڈز کی جعلی کولڈ ڈرنکس بنانے والا یونٹ بھی بند کر دیا گیا، بغیر منظور شدہ فارمولا کے معروف برانڈز کی جعلی لیبلنگ لگا کولڈ ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں، یونٹس میں حشرات کی بھرمار، ناقص انتظامات پائے گئے،ورکرز کی ہائجین صفر، نان فوڈ گریڈ اور ایکسپائر خام مال کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ مضرصحت اشیاتیار کرنے والے عادی افراد کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھجوائیں گے، خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیاجائے گا، شہری شکایات کی اطلاع1223 پر دیں۔