لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے مختلف تھیٹرز پر اچانک چھاپے مارے۔ جس میں محفل تھیٹر، پرنس تھیٹر اور تماثیل تھیٹر شامل تھے۔ انہوں نے تھیٹرز کے کیفے ٹیریا، ڈریسنگ رومز اور ہالز کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعدد خامیوں کی نشاندہی کی۔وزیر اطلاعات نے سٹیج ڈراموں میں استعمال ہونے والے غیر اخلاقی گانوں اور اداکاراؤں کے غیر مناسب لباس پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ، پنجاب آرٹس کونسل کے افسران کے کام کے طریقہ کار پر بھی شدید ناراضگی ظاہر کی۔عظمیٰ بخاری نے تھیٹرز میں صفائی کے ناقص انتظامات پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو فوری بہتری کی ہدایات جاری کیں۔تھیٹرز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے پانچ اداکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔ ان اداکاروں میں ساجن عباس، نیلی، صائمہ خان، نایاب خان اور سونو بٹ شامل ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ کسی کو بھی تھیٹرز میں بیہودگی اور بے حیائی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔