اے این ایف کی کارروائیاں، کروڑوں کی منشیات برآمد

 ائیرپورٹس، ہائی وے اور ساحلی علاقوں میں کارروائیاں، 4 ملزم گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر) اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کرکے 1 کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 107.415 کلو گرام منشیات برآمد کر لیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 950 گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کراچی جانے والے مسافر کے بیگ سے 265 گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ پر 2 ملزمان کے قبضے سے 1.2 کلو چرس برآمد کی گئی۔ شین کے علاقے یارو میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 50 کلو چرس برآمد کی گئی۔ پسنی کے علاقے چْربندر میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 40 کلو چرس اور 15 کلو آئس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔