ویب ڈیسک: ملتان میں اسٹیج کی معروف اداکارہ مسکان کو مبینہ طور پر ولید نامی شخص نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اغوا کر لیا۔
واقعہ کی ایف آئی آر اداکارہ کی بہن کی مدعیت میں درج کی گئی ہے جس میں سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق، ملزمان نے پہلے مسکان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور پھر ایک منصوبے کے تحت اسے گھر سے باہر بلایا۔ جیسے ہی اداکارہ گھر سے باہر نکلی، ملزمان نے اسے گھسیٹ کر گاڑی میں بٹھایا اور زبردستی لے گئے۔واقعے سے متعلق ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جو اغوا سے قبل ریکارڈ کی گئی۔ ویڈیو میں مسکان کہتی ہیں کہ "ولید مجھے اور میرے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے، میری جان کو خطرہ ہے۔"پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق، سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل لوکیشن ڈیٹا اور متاثرہ خاندان کے بیانات کی بنیاد پر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔واقعے پر فنکار برادری میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، اور کئی حلقوں نے اداکارہ کی فوری بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔