کبھی ٹی وی اسکرین اور اسٹیج پر اپنی اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مسکان ملک معاشی مشکلات کے باعث کوئٹہ کی سڑکوں پر دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں فروخت کرکے گھر کا خرچ چلانے پر مجبور ہیں۔
مسکان ملک نے اپنی موجودہ صورتحال کے بارے میں بتایا کہ بے روزگاری، شوہر کی بیماری اور بڑھتے ہوئے گھریلو اخراجات نے انہیں سڑک کنارے کام کرنے پر مجبور کیا ہے، تاہم انہوں نے اب بھی فن کی دنیا سے اپنا تعلق برقرار رکھا ہوا ہے۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ حالات نے انہیں سڑک پر دودھ کی بوتلیں فروخت کرنے پر مجبور کیا، لیکن انہیں امید ہے کہ انہیں دوبارہ اداکاری کا موقع ملے گا اور وہ اپنے فن کی طرف واپس لوٹ سکیں گی۔مسکان ملک کے مطابق وہ کرائے کے مکان میں رہتی ہیں اور بجلی و گیس کے بل، پانی کے ٹینکر، علاج معالجے سمیت دیگر اخراجات پورے کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض اوقات صرف یوٹیلیٹی بلز کی مجموعی رقم 20 سے 25 ہزار روپے تک پہنچ جاتی ہے۔مسکان ملک نے محض 13 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ اپنے فنی سفر کے دوران انہوں نے متعدد ٹی وی ڈراموں اور اسٹیج پروڈکشنز میں بھی کام کیا۔