ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے خواتین کرکٹ سیزن 2025-26 کا باقاعدہ کیلنڈر جاری کر دیا ہے، جس میں قومی خواتین ٹیم کے لیے دو ورلڈ کپ سمیت کئی اہم انٹرنیشنل سیریز اور ڈومیسٹک ایونٹس شامل ہیں۔
سیزن میں نہ صرف قومی ٹیم کو مضبوط حریفوں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا بلکہ انڈر 19 اور یونیورسٹی سطح پر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
بین الاقوامی شیڈول
آئرلینڈ کا دورہ (اگست 2025):قومی ویمنز ٹیم اگست میں آئرلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں وہ 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کا دورہ پاکستان (ستمبر 2025):ستمبر میں جنوبی افریقا کی خواتین ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ 16 سے 22 ستمبر تک 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ (30 ستمبر تا 2 نومبر 2025):آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ سری لنکا میں منعقد ہوگا جہاں پاکستان ویمنز ٹیم بھی حصہ لے گی۔
پاکستان کا دورہ جنوبی افریقہ (فروری تا مارچ 2026):قومی ٹیم 7 فروری سے 2 مارچ 2026 تک جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی، جہاں وہ 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
زمبابوے ویمنز ٹیم کا دورہ پاکستان (اپریل تا مئی 2026):24 اپریل سے 11 مئی 2026 تک زمبابوے کی ٹیم پاکستان آئے گی، سیریز میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔
ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ (12 جون تا 5 جولائی 2026):انگلینڈ میں ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم حصہ لے گی۔ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم آئرلینڈ میں 3 ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی جس میں ویسٹ انڈیز بھی شریک ہوگی۔
انڈر 19 اور ڈومیسٹک کرکٹ
پاکستان انڈر 19 ویمنز ٹیم کا بنگلادیش کا دورہ (دسمبر 2025):انڈر 19 ٹیم دسمبر میں بنگلادیش کا دورہ کرے گی جہاں وہ 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ (6 تا 24 نومبر 2025، کراچی):ملک گیر سطح پر خواتین کا نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ ڈبل لیگ فارمیٹ کے تحت منعقد ہوگا۔
نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ (24 مارچ تا 17 اپریل 2026، کراچی):یہ ایونٹ بھی ڈبل لیگ فارمیٹ پر کھیلا جائے گا اور کھلاڑیوں کو مسلسل کھیل کے مواقع فراہم کرے گا۔
انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ (15 ستمبر تا 6 اکتوبر 2025):اس ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔
انٹر یونیورسٹی ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ (اکتوبر 2025):ملک بھر کی یونیورسٹی طالبات کے لیے کرکٹ ایونٹ اکتوبر میں منعقد ہوگا، جس سے یونیورسٹی سطح پر کرکٹ کا فروغ ہوگا۔
رافیہ حیدر کا بیان
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی ڈائریکٹر رافیہ حیدر کا کہنا ہے کہ:"2025-26 کا شیڈول کھلاڑیوں کو کھیلنے کے بھرپور مواقع دے گا۔ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے کے لیے پاتھ وے پروگرام کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ انڈر 19 ٹورنامنٹ اور بنگلادیش کا دورہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اہم موقع ہے۔"انہوں نے مزید کہا:"نیا سیزن اس لیے بھی اہم ہے کہ دو بڑے ورلڈ کپ سامنے ہیں۔ اچھے حریفوں کے خلاف کھیلنے سے نہ صرف ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ نئے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے کھیل کا تجربہ بھی حاصل ہوگا۔"