کراچی(یواین پی)پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے کہاہے کہ اگست کے وسط سے برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور لاہور سے مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے جبکہ کراچی سے لندن کے لیے پروازیں روانہ ہوں گی۔عبداللہ حفیظ نے بتایا کہ پی آئی اے نے تمام طیارے تیار رکھے ہوئے ہیں، تاہم 4 سے 5 طیاروں کی کمی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ پہلے کی طرح پرانے روٹس کی مکمل بحالی میں کچھ مشکلات ضرور ہیں، لیکن ادارہ ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ برطانیہ، پی آئی اے کے لیے یورپ میں سب سے اہم روٹ ہے اور اس کی بحالی سے قومی ایئرلائن کو معاشی طور پر بھی فائدہ ہوگا۔