رہنماؤں اور کارکنوں نے پشاور پریس کلب کے باہر دھرنا دیا ‘ مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا
ٹکٹوں کی تقسیم میں وفادار اور دیرینہ کارکنوں میں سے کئی افراد کو ڈراپ کر دیا گیا:مظاہرین
پشاور(یواین پی)پاکستان تحریک انصاف میں سینیٹ کی ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلاف کھل کر سامنے آگئے،بااثر شخصیات کو ٹکٹ دینے کے فیصلے کیخلاف کارکنوں کا شدید احتجاج، سینیٹ انتخابات میں وفادار اور دیرینہ کارکنوں کی بجائے امیر شخصیات کو ٹکٹ دئیے گئے ہیں، پی ٹی آئی میں سینیٹ کی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر اختلافات شدید ہوگئے اوراس فیصلے کے خلاف پارٹی میں شدید احتجاج شروع ہوگیا۔تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے پشاور پریس کلب کے باہر دھرنا دیا اور مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیامظاہرین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود عرفان سلیم کے نام کی منظوری دی تھی لیکن بیرسٹر سیف کی جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد‘‘خاص شخصیات’’کے نام فائنل کئے گئے۔اس احتجاج میں ایم این اے شیر علی ارباب نے بھی عرفان سلیم کے حق میں شرکت کی۔جو عمران خان کے اس بار بار کے دعوے کے برعکس ہے کہ پی ٹی آئی ہمیشہ کارکنوں کو ترجیح دے گی۔وفادار اور دیرینہ کارکنوں میں سے کئی افراد کو ڈراپ کر دیا گیا جن میں عرفان سلیم، عائشہ بانو اور خرم ذیشان شامل ہیں۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ سرمایہ داروں کو ترجیح دینے اور حقیقی کارکنوں کو نظرانداز کرنے کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں۔