پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا میں سینیٹ کے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ۔ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی طارق آریانی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں انہوں نے پارٹی قیادت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔مردان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے طارق آریانی نے انکشاف کیا کہ بیرسٹر گوہر، شکیل خان آفریدی اور عاطف خان نے انہیں فون کر کے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی خواہش ہے کہ مشال یوسفزئی کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا جائے، لہذا وہ مشال کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ بن جائیں۔تاہم طارق آریانی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے انکار کرتے ہوئے کہا، بانی پی ٹی آئی یا کوئی بھی کہہ دے، میں مشال کو سینیٹر نہیں بنائوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پارٹی یرغمال بن چکی ہے، علی امین گنڈاپور نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی رہا ہوں۔